1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے خصوصی مشن لیبیا روانہ

7 مارچ 2011

لیبیا میں حکومت مخالف مظاہروں اور بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے بعد اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی طرف سے حالات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی مشن اس بحران زدہ شمالی افریقی ملک روانہ کیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10Uep
تصویر: DW

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایک ترجمان کے مطابق لیبیا کے وزیرخارجہ موسیٰ کوسا نے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ حالات کا جائزہ لینے کے لیے اقوام متحدہ کی ایک خصوصی ٹیم طرابلس بھیجی جائے۔

Schweiz Wirtschaft Weltwirtschaftsforum in Davos UN Ban Ki mmoon Flash-Galerie
لیبیا کی حکومت ملک میں موجود غیرملکیوں کی حفاظت یقینی بنائے اور امدادی تنظیموں کو عوام تک رسائی کی اجازت دے: بان کی مونتصویر: AP

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے لیبیا میں رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ سویلین آبادی کے خلاف بے جا طاقت کے استعمال اور تشدد کو فوری طور پر روکا جائے۔ انہوں نے لیبیا کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں موجود غیرملکیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے اور امدادی تنظیموں کو عوام تک رسائی کی اجازت دے۔ بان کی مون نے اردن کے سابق وزیرخارجہ عبداللہ خطیب کو لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کا خصوصی نمائندہ بھی مقرر کیا ہے۔ خطیب بہت جلد لیبیا اور علاقے کے دیگر رہنماؤں سے مشاورت کا آغاز کریں گے۔

دوسری طرف یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کے مطابق یورپی یونین کی ٹیم پہلے ہی لیبیا روانہ کی جا چکی ہے۔ یہ خصوصی مشن اٹلی سے تعلق رکھنے والے ہنگامی امداد کے ماہر اگوسٹینومیوزو کی سربراہی میں روانہ کیا گیا ہے۔ اس مشن کا مقصد جمعہ 11 مارچ کو لیبیا کے حوالے سے ہونے والے خصوصی اجلاس سے قبل حالات و واقعات کا جائزہ لینا ہے۔ اس اجلاس میں 27 رکنی یورپی یونین کی طرف سے یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ شمالی افریقی ملک لیبیا کے عوام کی کس طرح سے مدد کی جائے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں