1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرائن کی سابق خاتون وزیر اعظم پر فرد جرم عائد

31 دسمبر 2010

سابق خاتون وزیر اعظم یُولیا تیموشَینکو 2010ء کے صدارتی الیکشن میں امیدوار بھی تھیں۔ وہ دو مرتبہ اپنے ملک کی وزیر اعظم رہ چکی ہیں جبکہ ان دنوں ان کو تفتیشی عمل کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/zrlV
یُولیا تیموشَینکو : فائل فوٹوتصویر: AP

دارالحکومت کییف (Kiev) میں وفاقی استغاثہ نے سابق خاتون وزیر اعظم پر اپنے منصب اور حکومتی سرمائے کے غلط استعمال کی فرد جرم عائد کی ہے۔ گزشتہ روزخاتون سیاستدان یُولیا تیموشَینکو 11 گھنٹے تک پولیس تفتیش کا سامنا کرتی رہیں۔ 9 گھنٹوں کے بعد اپوزیشن لیڈر نے تفتیش مؤخر کرنے کی تحریری درخواست دی لیکن اس کو پولیس حکام نے مسترد کردیا تھا۔

Julia Timoschenko vor Fernsehauftritt
یُولیا تیموشَینکو ایک تقریب کے دورانتصویر: dpa

تیموشَینکو اس وقت یوکرائن کی مرکزی اپوزیشن لیڈر ہیں۔ انہوں نے 2010ء میں موجودہ صدر وکٹور یانوکووِچ کے خلاف صدارتی انتخابات میں شکست کھائی تھی۔ روس نواز یانو کووِچ حکومت نے وسط نومبر سے یہ کہنا شروع کردیا تھا کہ ناکام صدارتی امیدوار نے اپنے وزار ت عظمیٰ کے دور میں چار سو ملین ڈالر کا مالی گھپلا کیا تھا۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق بطور وزیر اعظم یُولیا تیموشَینکو نے 2009 ء میں حکومتی خزانے سے رقم منتقل کر کے اسے اپنی شہرت پر خرچ کیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے ان الزامات کی صحت سے انکار کرتے ہوئے اسے موجودہ حکومت کا سیاسی ہتھکنڈا قرار دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ انہیں اگلے الیکشن سے باہر رکھا جا ئے اور اس کی خاطر ایسے الزامات کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ اگر استغاثہ عدالت میں ان پر الزامات ثابت کرنے میں کامیاب ہو گیا تو خاتون سیاستدان کو کم از کم 10 سال کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس سزا کا احساس تیموشَینکو کو بھی ہے۔

Ukrainische Premierministerin Julia Timoschenko
یُولیا تیموشَینکو بطور وزیر اعظم اورنج انقلاب کے بعدتصویر: AP

موجودہ صدر یانو کووِچ کا یہ کہنا ہے کہ وہ یوکرائن کے اندر سے کرپشن کو ہر ممکن انداز میں ختم کرکے رہیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق خاتون وزیر اعظم کے خلاف جاری تفتیشی عمل سیاسی انتقام کے زیر اثر ہر گز نہیں ہے۔ یانوکووِچ کی بدعنوانی کے خاتمے کی مہم میں تیموشَینکو کے علاوہ ان کی کابینہ کے داخلہ، اقتصادیات اور آب و ہوا کے وزراء کو بھی الزامات کا سامنا ہے۔

امریکہ نے یوکرائن میں ’سیاسی مقدموں‘ کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس مناسبت سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یانوکووِچ حکومت منتخب افراد کو انصاف کے نام پر نشانہ بنا رہی ہے۔

یُولیا تیموشَینکو 2004 ء کے جمہوریت کے حصول کے لئے لائے جانے والے ’نارنجی انقلاب‘ کے دوران بھی ایک متحرک اور فعال شخصیت تھیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں