1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایئربس کمپنی کو چوتھی سہ ماہی میں 355 ملین یورو کا منافع

9 مارچ 2011

ایئربس بنانے والی یورپی طیارہ ساز کمپنی EADS NV نے کہا ہے کہ اسے 2010ء کی آخری سہ ماہی میں مجموعی طور پر 355 ملین یورو کا منافع ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/10Vpg
تصویر: AP

مذکورہ سہ ماہی سے محض ایک برس قبل یورپین ایئروناٹک ڈیفنس اینڈ اسپیس کمپنی شدید مالی بحران کا شکار تھی۔ اس کا سبب اس گروپ پر A400M نامی ملٹری ٹرانسپورٹ جہازوں اور اس کے سپر جمبو جیٹ مسافر بردار جہاز A380 پروگرام میں دانستہ تاخیر کے الزامات تھے۔

بوئنگ جہاز تیار کرنے والی امریکہ کی معروف طیارہ ساز کمپنی کی تجارتی حریف اس یورپی کمپنی EADS NV کے مطابق اسے سال 2010ء کے آخری تین ماہ میں 355 ملین یورو کا منافع ہوا، جبکہ اس سے ایک برس قبل اسی مدت کے دوران اسے 1.1 بلین یورو کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔ کمپنی کے مطابق اس کی وجہ اس کے A400M ملٹری ٹرانسپورٹ طیاروں اور A380 کی تیاری کی لاگت میں ہونے والا اضافہ تھا۔

Lufthansa Airbus A380 Landung
جرمن ایئرلائن لفتھانسزا میں شامل ہونے والا پہلا ایئربس A380تصویر: AP

EADS کی طرف سے آج نومارچ کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کےمطابق رواں برس اسے 1.3 بلین یورو منافع کی امید ہے۔

اس سے قبل رواں برس جنوری میں EADS کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ اسے گزشتہ برس یعنی 2010ء میں 574 نئے ہوائی جہازوں کی خریداری کے آرڈر ملے اور یوں اس یورپی ادارے نے اپنی قریب ترین امریکی حریف کمپنی بوئنگ کو مسلسل تیسرے برس بھی پیچھے چھوڑا جسے اس عرصے کے دوران 530 نئے طیاروں کی خریداری کے آرڈرز ملے۔ ایئر بس کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ سن 2010 میں اس ادارے کو ملنے والے نئے آرڈرز کی مالیت 74 بلین امریکی ڈالر کے برابر رہی جبکہ اس سے ایک برس قبل اس کمپنی نے اپنے خریداروں کو 510 نئے ہوائی جہاز فراہم کیے، جو سالانہ بنیادوں پر اپنی تعداد کے حوالے سے ایک نیا ریکارڈ تھا۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں