1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن تھیٹر فنکاروں کے معاوضوں میں اضافہ منظور

12 مئی 2011

جرمنی کے مختلف شہروں میں اسٹیٹ اور سٹی تھیٹرز کے لیے کام کرنے والے قریب 14 ہزار فنکاروں کو ملنے والے معاوضوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/11EAW
برلن منعقدہ تھیٹر میٹنگ 2011 نامی فیسٹیول کے دوران ایک پرفارمنس کی تصویرتصویر: Silke Winkler

یوں اسٹیٹ تھیٹرز میں کام کرنے والے اداکاروں، گلوکاروں اور رقاصوں کو ماہانہ بنیادوں پر ملنے والے ان کی خدمات کے مالی معاوضے میں آئندہ 1.5 فیصد اضافہ کر دیا جائے گا۔ اس کے برعکس سٹی تھیٹرز کے لیے کام کرنے والے فنکاروں کے ماہانہ اعزازیے 1.2 فیصد بڑھا دیے جائیں گے۔

جرمن اسٹیج ایسوسی ایشن نامی ادارے کی طرف سے جمعرات کو کولون میں اعلان کیا گیا کہ فنکاروں کے مالی معاوضوں میں اس اضافے سے متعلق یونین مذاکرات میں جرمن اسٹیج ایسوسی ایشن نے اس شعبے کے آجرین کی نمائندہ تنظیم کے طور پر حصہ لیا۔ فنکاروں کی نمائندگی جرمن اسٹیج پرفارمرز کمیونٹی کہلانے والی تنظیم DGBA اور جرمن اوپرا کوائر اور اسٹیج ڈانسرز کی ایسوسی ایشن VDO نے کی۔

Flash-Galerie Staatstheater Mainz Tiefland
جرمن شہر مائنز کے اسٹیٹ تھیٹر میں ایک میوزیکل ڈرامے کا ایک منظرتصویر: Martina Pipprich

ان فنکاروں کے آجرین کی نمائندگی کرنے والی جرمن اسٹیج ایسوسی ایشن کے مطابق اکثر فنکاروں کے دیے جانے والے اعزازیے مستقبل کی کسی تاریخ کی بجائے اس سال یکم اپریل سے بڑھا دیے جائیں گے۔ صرف اوپرا ہاؤسز کے گلوکاروں اور اسٹیٹ تھیٹرز کے گروپ ڈانسروں کے معاوضوں میں اضافہ اس سال یکم جنوری سے لے کر یکم اگست تک کے عرصے میں مختلف مرحلوں میں کیا جائے گا۔

مالی معاوضوں میں اس اضافے کا اطلاق پورے ملک میں نو ہزار کے قریب ان آرکسٹرا موسیقاروں اور سازندوں پر نہیں ہو گا، جن کی نمائندہ ٹریڈ یونین German Opera Musicians Federation یا DOV کہلاتی ہے۔ جرمن اسٹیج ایسوسی ایشن کے مطابق ایسا اس لیے ہوا کہ DOV نے اس کے ساتھ ویج کمیشن کی سطح پر کوئی مذاکرات نہیں کیے۔

جرمنی میں ان ہزاروں آرکسٹرا موسیقاروں اور سازندوں کی ٹریڈ یونین نے اس کے برعکس کولون کی ایک لیبر کورٹ میں اپنے رکن آرٹسٹوں کے ماہانہ مالی معاوضوں میں اضافے کے لیے ایک مقدمہ دائر کر دیا تھا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں