1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈرامائی صورتحال کے بعد ممبئی ٹیسٹ ڈرا

26 نومبر 2011

ویسٹ انڈیزکے بولرز نے اپنی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں ہارا ہوا میچ برابرکر دیا ہے۔ ممبئی ٹیسٹ کے آخری اوور میں بھارت کو جیتنے کے لیے تین رنز درکار تھے تاہم اس اوور میں صرف دو رنز ہی بن سکے۔

https://p.dw.com/p/13Hiu
تصویر: AP

ممبئی کے وان کھیڑے اسٹیڈیم میں منعقد کیے گئے اس ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن ایک ڈرامائی صورتحال دیکھی گئی۔ یوں معلوم ہوتا تھا کہ بھارت یہ میچ آسانی سے جیت جائے گا لیکن روی چندرن ایشون میچ کی آخری دو گیندوں پر دو رنز نہ بنا سکے۔

میچ کی آخری گیند پر بھارت کو جیتنے کے دو رنز درکار تھے جبکہ مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز ایشون اس گیند پر صرف ایک ہی رن بنا سکے اور یوں یہ میچ ٹائی ہو گیا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دوسری مرتبہ کوئی میچ اسکور برابر ہونے کے نتیجے میں ڈرا ہوا ہے۔ اس سے قبل 1996ء میں انگلینڈ اور زمبابوے کے مابین ٹیسٹ میچ اسکور ٹائی ہونے کے نتیجے میں برابر ہوا تھا۔

اس میچ کے برابر ہونے کے باوجود تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو دو ایک سے ہرا دیا ہے۔

Flash Galerie Ravichandran Ashwin
مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز ایشون آخری گیند پر دو رنز نہ بنا سکےتصویر: AP

ممبئی ٹیسٹ کے پانچویں دن جب ویسٹ انڈیز نے چوتھے دن کے اسکور 81 دو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی تو مہمان ٹیم 134 کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ یوں بھارت کو یہ میچ جیتنے کے لیے 243 رنز کا ہدف ملا۔

بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے اس ہدف کے تعاقب میں اپنے منفرد انداز میں 65 گیندوں پر ساٹھ رنز بنائے۔ اگرچہ ویسٹ انڈیز کے بولرز وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے لیکن ویراٹ کوہلی کی عمدہ اننگز سے بھارت کو یقین ہو چلا تھا کہ یہ میچ وہ جیت گئے ہیں۔ کوہلی نے 63 رنز بنائے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کھیل کا رخ بدل ہی گیا۔

ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں 590 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں اس کے بلے باز 134 پر ہی آؤٹ ہو گئے۔ بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 482 بنائے جبکہ دوسری اننگز میں 242۔

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز انتیس نومبر سے ہوگا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید