1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تيونس کے پہلے آزادانہ انتخابات، معمولی بے قاعدگياں

24 اکتوبر 2011

تيونس ميں زين العابدين بن علی کے اقتدار کے خاتمے کے نو ماہ بعد کل اتوارکو پہلے آزادانہ انتخابات ہوئے۔ نتائج کا اعلان کل منگل کو متوقع ہے۔

https://p.dw.com/p/12xdp
تيونس ميں ووٹوں کی گنتی
تيونس ميں ووٹوں کی گنتیتصویر: DW

تيونس ميں ووٹ دينے کے اہل افراد کی تعداد 75 لاکھ ہے۔ ليکن ان ميں سے صرف 44 لاکھ نے اپنا اندراج کرايا تھا۔ اُن ميں سے تقريباً 70 فيصد يعنی 30 لاکھ سے کچھ ہی زائد ووٹروں نے کل کے انتخابات ميں ووٹ ڈالے۔

کل شام تيونس کے ايک پرائمری اسکول ميں قائم ايک پولنگ اسٹيشن کے بند ہونے تک وہاں تقريباً 800 افراد نے ووٹ ڈالے تھے۔ پولنگ اسٹيشن کی سربراہ نے بيلٹ باکس کھولا اور ووٹ کی پرچياں ميز پر الٹ دی گئيں۔

 اس کے بعد ان پرچيوں کو کھول کر ان کی گنتی کی جائے گی۔ ہر ووٹ دينے والے کی انگلی پر نيلی روشنائی لگا دی گئی ہے تاکہ کوئی دوبارہ ووٹ نہ ڈالنے پائے۔ اس پرائمری اسکول کے پولنگ اسٹيشن ميں گنتی کا کام بہت اچھے طور پر جاری ہے۔ پولنگ اسٹيشن کے کارکن آہستہ آہستہ اور بہت احتياط سے ہر پرچی کو کھول کر غور سے يہ ديکھ رہے ہيں کہ ووٹر نے اپنا نشان کہاں لگايا ہے۔ اس کے بعد يہ کہا بھی جاتا ہے کہ ووٹ کس کو ديا گيا ہے۔ 

ايک پولنگ اسٹيشن کے سامنے لمبی قطار
ايک پولنگ اسٹيشن کے سامنے لمبی قطارتصویر: DW

25 سالہ رؤف نے بھی اپنی زندگی ميں پہلی بار ووٹ ڈالا ہے۔ جنوری ميں اُس نے وہاں سے کچھ ہی دور شاہراہ بو رقيبہ پر زين العابدين کی حکومت کے خلاف مظاہروں ميں حصہ ليا تھا۔ رؤف نے فرانسيسی زبان ميں کہا: ’’ميں نے بہت لمبے عرصے تک اس دن کا انتظار کيا ہے۔ ميرے ليے يہ عيدالاضحٰی ہی کی طرح اہم ہے۔ ميں نے بھی جنوری کے مظاہروں ميں حصہ ليا تھا اور نعرے لگائے تھے۔ آج مجھے يہ محسوس ہو رہا ہے کہ جيسے آمريت کے آخری بچے کھچے اثرات بھی ميرے ذہن سے جھڑ گئے ہيں۔‘‘

ايک اور ووٹر احمد نے بھی کہا کہ يہ اُس کے لئے ايک خصوصی دن ہے۔ اُس نے کہا کہ آج پورا تيونس خوش ہے۔ 53 سال تک اس ملک ميں انتخابات صرف ايک ناٹک تھے۔ يہ پہلے ہی سے معلوم ہوتا تھا کہ جيت کس کی ہو گی۔ احمد نے کہا کہ اسی ليے وہ ووٹ ڈالنے ہی نہيں جاتا تھا، ليکن آج وہ ووٹ دينے پرخوش ہے کہ آخر کار وہ اپنی رائے کا آزادانہ اظہار کر سکتا ہے، جو پہلے ممکن نہيں تھا۔

دو نوجوان ووٹ دينے کے بعد
دو نوجوان ووٹ دينے کے بعدتصویر: DW

پہلے جائزوں کے مطابق تيونس ميں کل کے انتخابات ميں معمولی سی بے قاعدگيوں کے سوا کوئی بڑی گڑبڑ نہيں ہوئی۔

انتخابات کے نتائج کا اعلان کل منگل کو کيا جائے گا۔ اُس وقت تک سنسنی قائم رہے گی۔ تيونس کی سب سے بڑی اسلامی تحريک النہادہ ہے اور اُسی کی جيت کی توقع کی جاتی ہے۔

رپورٹ: مارک ڈُگے،تيونس / شہاب احمد صديقی

ادارت: مقبول ملک     

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں