1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا آخری سفید شمالی نر گینڈا ہلاک

20 مارچ 2018

آخری سفید شمالی نر گینڈے کے ہلاک ہو جانے کے بعد اس جانور کی بقاء خطرے میں پڑ گئی ہے۔ کینیا کے حکام نے منگل کے روز پینتالیس سالہ گینڈے ’سوڈان‘ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ دنیا میں یہ اپنی نوع کا آخری نر گینڈا تھا۔

https://p.dw.com/p/2ueKA
Letztes männliches Nördliches Breitmaulnashorn der Welt gestorben
تصویر: Reuters/T. Mukoya

کینیا میں اس نوع کے جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے کے مطابق اب اس پوری دنیا میں اس نسل کی صرف دو مادہ گینڈا ہی زندہ بچی ہیں۔ اس نر کو شکار سے بچانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے گئے تھے۔

گینڈوں کے لیے ان کے سینگ پیغامِ اجل

کینیا میں وائلد لائف حکام کے مطابق یہ گینڈا بوڑھا ہو چکا تھا، جس کی وجہ سے اسے ہڈیوں اور پٹھوں کے مسائل کا سامنا تھا اور ان مسائل کی وجہ سے اس کی جلد پر مسلسل زخم بن رہے تھے۔

Letztes männliches Nördliches Breitmaulnashorn der Welt gestorben
تصویر: picture-alliance/Photoshot/S. Ruibo

یہ گینڈا فروری آواخر اور مارچ کے شروع میں دو ہفتوں کے لیے صرف اپنے باڑے میں ہی رہا تھا کیوں کہ اس کی ایک ٹانگ کا زخم شدید ہو گیا تھا۔ اس کی حفاظت پر مامور ادارے اول پجیٹا کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے، ’’گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اس کی حالت انتہائی خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد ڈیور کرالُوو چڑیا گھر کی ویٹرنری ٹیم اور کینیا وائلڈ لائف سروس کے اہلکاروں نے اس کی آرام دہ موت کا فیصلہ کیا۔‘‘

نیپال میں گینڈوں کے غیر قانونی شکار کے خلاف جنگ

اپنی نسل کا یہ آخری نر گینڈا قبل ازیں چیک جمہوریہ کے ’ڈیور کرالُوو چڑیا گھر‘ میں رہتا تھا لیکن  اسے کینیا کے اس محفوظ علاقے میں منقتل کر دیا گیا تھا، جہاں اس نسل کی دو مادہ گینڈا موجود تھیں تاکہ ان کی نسل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

جب ان کے ملاپ کی قدرتی کوششیں ناکام ہو گئیں تو سوڈانی وائلڈ لائف حکام نے اس گینڈے کی تصویر ڈیٹنگ ویب سائٹ ٹِنڈر پر بھی لگائی تھی تاکہ اس نسل کی مصنوعی بار آوری اور علاج کے لیے نو ملین ڈالر جمع کیے جا سکیں۔

Letztes männliches Nördliches Breitmaulnashorn der Welt gestorben
تصویر: Reuters/B. Ratner