1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی وزیرخارجہ کابل سے اسلام آباد پہنچ گئے

24 جون 2017

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران وہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات اور افغانستان میں قیام امن کے موضوع پر مذاکرات کریں گے۔

https://p.dw.com/p/2fKV4
China Außenminister Wang Yi in Pakistan
تصویر: A. Qureshi/AFP/Getty Images

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے چوبیس جون بروز ہفتہ بتایا ہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وہ افغانستان کے دارالحکومت کابل سے اسلام آباد پہنچے۔

 طالبان سے مذاکرات کا امریکی مطالبہ اور پاکستان کی مشکلات

کابل اور اسلام آباد تعلقات میں بہتری کے لیے ورکنگ گروپ

کیا پاکستان چین اور امریکا سے تعلقات میں توازن رکھ پائے گا؟

پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق چینی وزیر خارجہ نو رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تو پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے بھائی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ائیر پورٹ پر انہیں خوش آمدید کہنے کے لیے موجود تھے۔

بتایا گیا ہے کہ وانگ ژی نے خارجہ امور کے پاکستانی مشیر سرتاج عزیز اور خارجہ امور کی سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران پاکستان اور افغانستان کے دو طرفہ تعلقات پر بھی گفتگو ہوئی۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی بروز اتوار وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔

چینی حکومت پاکستان اور افغانستان کے مابین بہتر تعلقات کی کوشش میں ہے۔ وانگ ژی کابل کے دورے کے بعد پاکستان پہنچے ہیں، اسی لیے خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں افغانستان کے حالات کے بارے میں بھی گفتگو کریں گے۔

دوسری طرف پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان سے متصل سرحد پرسکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والے افراد خلاف سخت کارروائی ہو گی ۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا نے آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں سرحد پار دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ملوث ہیں۔