1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو وژن کے لیے اسٹیج سج گیا

امجد علی9 مئی 2014

یورپی ممالک کا 2014ء کا گیتوں کا سالانہ مقابلہ یورو وژن دَس مئی کی شب ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں منعقد ہونے والا ہے۔ گزشتہ سال کے برعکس اس بار کسی بھی ملک کے بینڈ یا گلوکار کو فیورٹ قرار نہیں دیا جا رہا۔

https://p.dw.com/p/1Bx8U
دَس مئی ہفتے کے روز یورو وژن کے فائنل میں پولینڈ کی جانب سے ’سلاوک گرلز‘ نامی گیت میں پولستانی دیہی ثقافت کی جھلکیاں دکھائی جائیں گی
دَس مئی ہفتے کے روز یورو وژن کے فائنل میں پولینڈ کی جانب سے ’سلاوک گرلز‘ نامی گیت میں پولستانی دیہی ثقافت کی جھلکیاں دکھائی جائیں گیتصویر: ESC

اس سال کا یورو وژن مقابلہ بہت ڈرامائی ہونے جا رہا ہے۔ اس کے حوالے سے اتنا تو ضرور کہا جا رہا ہے کہ آرمینیا، سویڈن اور یوکرائن کے فنکاروں کی کارکردگی عمدہ رہے گی لیکن کوئی ایک بھی ایسا بینڈ یا گلوکار نہیں ہے، جس کے بارے میں یہ کہا جا سکے کہ اُس کی جیت کے امکانات بہت روشن ہیں۔ گزشتہ سال اس مقابلے کے فائنل سے بہت پہلے ہی یہ بات بڑی حد تک یقینی تصور کی جا رہی تھی کہ ایمیلی ڈی فوریسٹ ہی یہ مقابلہ جیتیں گی اور بالآخر ہوا بھی یہی، جب ڈنمارک کی اس پوپ گلوکارہ کو اُن کے گیت، اونلی ٹیئر ڈراپس‘ کے لیے اس مقابلے کا فاتح قرار دیا گیا۔

اگرچہ اس بار کوئی بھی بینڈ فیورٹ نہیں ہے تاہم یوکرائن کو ہمدردی کے بھی ووٹ ملنے کی امید کی جا رہی ہے اور ویسے بھی آرمینیا اور سویڈن کے ساتھ ساتھ یوکرائن کے گیت کو بھی کامیابی کے امکانات کا حامل خیال کیا جا رہا ہے
اگرچہ اس بار کوئی بھی بینڈ فیورٹ نہیں ہے تاہم یوکرائن کو ہمدردی کے بھی ووٹ ملنے کی امید کی جا رہی ہے اور ویسے بھی آرمینیا اور سویڈن کے ساتھ ساتھ یوکرائن کے گیت کو بھی کامیابی کے امکانات کا حامل خیال کیا جا رہا ہےتصویر: EBU Sander Hesterman

ہر سال کی طرح اس سال کے یورو وژن میں بھی گلیمر، سیاست اور انوکھے ملبوسات نمایاں ہیں۔ یورو وژن کے گیتوں کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں سیاست کا کتنا زیادہ عمل دخل ہوتا ہے، اس کا اندازہ منگل چھ مئی کو ہونے والے سیمی فائنل سے لگایا جا سکتا ہے۔ جیسے ہی یہ اعلان ہوا کہ روس فائنل کے لیے کوالیفائی کر گیا ہے، حاضرین نے ہُوٹنگ شروع کرتے ہوئے شور مچانا شروع کر دیا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ہفتے کو ہونے والے یورو وژن کے فائنل میں یوکرائن کو ہمدردی کے بھی ووٹ مل سکتے ہیں۔

چونکہ حتمی نتیجے کے بارے میں کوئی واضح پیشین گوئی نہیں کی جا رہی، اس لیے اس بار کا مقابلہ زیادہ سے زیادہ سنسنی خیز ہونے جا رہا ہے۔ یورو وژن شو کی ایگزیکٹیو پروڈیوسر پرنیل گارڈبو (Pernille Gaardbo) نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا:’’ہم نے سسپنس بڑھانے کے لیے اپنی رفتار ذرا تیز کر دی ہے۔ جیسے ہی فنکار اسٹیج سے نیچے اتریں گے، ہم اُن کا ردعمل دکھائیں گے۔ ہم اس مقابلے کو زیادہ سے زیادہ ڈرامائی بنانا چاہتے ہیں۔‘‘ اس سال کے یورو وژن فائنل میں جرمنی کی نمائندگی Elaiza نامی گروپ کی گلوکارائیں کریں گی، اپنے گیت ’اِز اِٹ رائٹ‘ کے ساتھ۔

’ایلائیسا‘ نامی جرمن بینڈ کی تین گلوکارائیں اپنے گیت ’اِز اِٹ رائٹ‘ کے ساتھ یورو وژن کے فائنل میں جرمنی کی نمائندگی کریں گی
’ایلائیسا‘ نامی جرمن بینڈ کی تین گلوکارائیں اپنے گیت ’اِز اِٹ رائٹ‘ کے ساتھ یورو وژن کے فائنل میں جرمنی کی نمائندگی کریں گیتصویر: picture-alliance/dpa

وقت کے ساتھ ساتھ اس سالانہ مقابلے کے انعقاد پر آنے والی لاگت بڑھتی چلی گئی تھی۔ 2012ء میں آذربائیجان کے میزبان شہر باکُو نے یورو وژن کے انعقاد پر ایک ارب ڈالر خرچ کیے تھے تاہم گزشتہ برس سویڈن نے ان اخراجات میں بڑی حد تک کمی کر دی۔ اس سال ڈنمارک نے بھی اخراجات کو تقریباً سویڈن ہی کی سطح پر رکھتے ہوئے 25.5 ملین یورو خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ سال یورو وژن کو سترہ کروڑ ٹی وی ناظرین نے دیکھا تھا۔

ڈنمارک اس سے پہلے 2001ء میں بھی یورو وژن کی میزبانی کر چکا ہے، جب ڈنمارک کے اولسن برادرز نے اپنے گیت ’فلائی آن دی وِنگز آف لَوّ‘ کے ساتھ یہ مقابلہ جیتا تھا۔

اس مرتبہ یورو وژن کے موقع پر کوپن ہیگن کی سب سے بڑی شاپنگ اسٹریٹ کو اس یورپی مقابلے کے مداحوں کے لیے خوب سجا دیا گیا ہے۔ فائنل مقابلے کا اسٹیج ایک صنعتی علاقے میں ایک سابقہ شپ یارڈ کے اندر بنایا گیا ہے، جہاں اس طرح کی کسی تقریب کے انعقاد کا یہ پہلا موقع ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اگرچہ فائنل دیکھنے کے لیے موقع پر موجود حاضرین کی تعداد گیارہ ہزار ہو گی تاہم اُن کی نشستیں اس طرح سے ترتیب دی گئی ہیں کہ ہر ایک کو اسٹیج سے قریب ہونے کا احساس ہو گا۔