1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ثقافتشمالی امریکہ

اداکار ایلک بالڈون کی گولی سے سنیماٹوگرافر خاتون ہلاک

22 اکتوبر 2021

ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران چلنے والی گولی سے فلمی منظر کی عکاسی کرنے والی سنیماٹوگرافر خاتون ہلاک ہو گئیں۔ یہ گولی اداکار پروڈیوسر ایلک بالڈون کی پراپ گن سے چلی تھی۔ اس واقعے میں فلم کے ہدایت کار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/421md
Alec Baldwin Schauspieler Set Film Dreh
تصویر: Rich Polk/Getty Images for IMDb

امریکی ریاست نیو میکسیکو میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران فلمی اداکار اور پروڈیوسر ایلک بالڈون کی پراپ گن سے چلنے والی گولی سے خاتون سنیماٹوگرافر یا عکاس ہیلینا ہوچینز کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

مارلین مونرو: صرف ایک سیکس سمبل نہیں تھیں

پراپ گن سے چلنے والی گولیوں سے فلم کے ہدایت کار جوئل سوزا بھی زخمی ہیں۔ پولیس تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور ایلک بالڈون پر کوئی فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔

Schauspieler Alec Baldwin
ایلک بالڈون امریکی فلمی صنعت کا ایک معتبر نام ہے، وہ اداکار و ہدایتکار اور پروڈیوسر بھی ہیںتصویر: The Daily News/AP/dpa/picture alliance

پولیس کا بیان

نیو میکسیکو کے علاقے سانتا فے کے کاؤنٹی شیرف کے دفتر کا کہنا ہے یہ حادثہ ایک فلم 'رَسٹ‘ کے سیٹ پر ہوا۔ اسی دفتر نے بتایا کہ اڑسٹھ سالہ اداکار و پروڈیوسر ایلک بالڈون کے خلاف ابھی تک  کوئی کارروائی شروع نہیں کی گئی ہے۔ اس حادثے کے بعد فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔

شیرف کے دفتر کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کے سراغ رساں اور تفتیش کار یہ طے کرنے کی کوشش میں ہیں کہ پراپ گن سے نکلنے والا آتشیں مواد کس نوعیت کا تھا۔

فلمی فوٹوگرافی کا ایک ابھرتا ستارہ

خاتون سنیماٹوگرافر یا عکاس ہیلینا ہوچینز کو فلمی دنیا میں ان کی صلاحیتوں کے تناظر میں بہت وقعت دی جاتی تھی۔ وہ امریکن فلم انسٹیٹیوٹ کی تعلیم یافتہ تھیں۔ فلمی دنیا کے جریدے امریکن سینماٹوگرافر نے انہیں اپنی ایک اشاعت میں 'رائزنگ اسٹار‘ یا ابھرتا ہوا ایک ستارہ قرار دیا تھا۔ وہ قبل ازیں سن 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم 'آرچ اینیمی‘ کی عکاسی کر چکی ہیں۔

ہالی وڈ اداکارہ اسکارلیٹ نے ڈزنی پر مقدمہ کر دیا

ہیلینا ہوچینز کا تعلق یوکرائن سے ہے۔ امریکی فلم انڈسٹری میں داخل ہونے سے پہلے وہ یورپ میں  کئی دستاویزی فلموں کو عکس بند کر چکی تھیں۔

Schauspieler Bruce Lee
بروس لی کو کُنگفو فلموں میں لیجنڈ کا مقام حاصل ہےتصویر: picture-alliance/United Archives/IFTN

فلم کے سیٹ پر گولی لگنے کے بعد انہیں فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے نیو میکسیکو ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہو سکیں۔ ہدایت کار جوئل سوزا بھی ہسپتال میں زخمی حالت میں پہنچائے گئے تھے۔ ان کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطر ے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

جونی ڈيپ نے بيوی پر ہاتھ اٹھايا يا بيوی نے ان کی پٹائی کی؟

ماضی کے اہم حادثات

ماضی میں فلم اور ٹیلی وژن میں پروڈکشن کے دوران افسوسناک حادثات رونما ہو چکے ہیں اور ان میں اموات بھی ہوئی تھیں۔ ان میں ایک واقعے میں مشہور کنگ فو ماسٹر بروس لی کے بیٹے برینڈن لی فلم 'دا کرو‘ کے سیٹ پر گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی طرح اداکار جان ایرک ہیکسم بھی سن 1984 میں شوٹنگ کے دوران سر کے بل گرنے سے دم توڑ گئے تھے۔

 ع ح  ع ا (روئٹرز، ڈی پی اے)