1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی ڈرون پاکستان میں گر کر تباہ

18 ستمبر 2011

پاکستانی حکام کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث ایک امریکی ڈرون طیارہ پاکستانی قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12bSN
تصویر: AP

ایک ماہ کے اندر اندر یہ دوسرا واقعہ ہے کہ کوئی امریکی ڈرون طیارہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ پشاور میں ایک مقامی سکیورٹی افسر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والا یہ امریکی طیارہ افغان سرحد سے ملحقہ پاکستانی علاقے جنوبی وزیرستان میں زنگارہ کے مقام پر گر کر تباہ ہوا۔ خیال رہے کہ جنوبی وزیرستان میں پاکستانی حکومت کو طالبان عسکریت پسندوں اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی شورش کا سامنا ہے۔

Pakistan Proteste
پاکستان میں بعض تنظیمیں ڈرون حملوں کے خلاف مظاہرے کرتی رہی ہیںتصویر: dapd

امریکہ کی جانب سے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں تواتر کے ساتھ ڈرون حملے کیے جاتے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں سے ان ڈرون حملوں کی تعداد میں خاصا اضافہ ہو چکا ہے۔ امریکہ کے مطابق ان حملوں کا مقصد القاعدہ اور طالبان سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانا ہے تاہم پاکستان کی مذہبی جماعتیں اور بعض عوامی حلقے ان حملوں پر شدید احتجاج کرتے ہیں۔ پاکستانی حکومت بھی سرکاری طور پر ان حملوں کی مذمت کرتی ہے اور انہیں ملکی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیتی ہے۔ بعض اعلیٰ امریکی عہدیداروں کا یہ مؤقف رہا ہے کہ یہ حملے پاکستانی حکومت کی رضامندی سے کیے جاتے ہیں۔

دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی پاکستان میں ہلاکت کے بعد امریکی ڈرون حملوں میں نسبتاً کمی آئی ہے، تاہم تب سے اب تک دو درجن کے قریب ایسے فضائی حملے ہو چکے ہیں۔ ان ڈرون حملوں میں نسبتاً کمی کی وجہ غالباً بن لادن کی ہلاکت کے بعد سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں پائی جانے والی کشیدگی بھی ہے۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں