1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک اور سیاہ فام امریکی نوجوان پولیس کے ہاتھوں ہلاک

کشور مصطفیٰ24 دسمبر 2014

امریکی ریاست میسوری کے بندرگاہی شہر سینٹ لوئس کے نواحی علاقے کے ایک پٹرول پمپ پر ایک 18 سالہ سیاہ فام باشندے کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

https://p.dw.com/p/1E9kd
تصویر: Getty Images/S. Olson

پولیس اور مقامی میڈیا کے مطابق اسی علاقے میں اس سال اگست میں ایک غیر مسلح سیاہ فام ٹین ایجر مائیکل براؤن ایک سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔

اس واقعے کے بارے میں ایک لائیو ویڈیو فیڈ منظر عام پر آئی ہے جس میں سینٹ لوئس کے نواحی علاقے کے ایک پٹرول پمپ کو پولیس کے زرد فیتے کے حصار میں دیکھا جا سکتا ہے اور اس محاصرے کے باہر پولیس کو گھیرے میں لیے ہوئے مشتعل مظاہرین کو پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے اور چیختے چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سینٹ لوئس کے پوسٹ ڈسپیچ نامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ پر درجنوں افراد اکھٹا ہوئے ہیں اور پولیس کے ساتھ ان کے تصادم میں کم از کم تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واقعے کے مختلف مناظر اور ویڈیو فوٹیج میں مظاہرین کا شور سنائی دے رہا ہے اور آسمان کی طرف دھواں اُٹھتا بھی دکھائی دیتا ہے۔ تاہم یہ امر واضح نہیں کہ اس کی وجہ پولیس کی کارروائی ہے یا یہ مشتعل مظاہرین کے احتجاج کا نتیجہ ہے۔

Demonstration in Washington 13.12.2014
مائیکل براؤن کے پولیس کے ہاتھوں قتل کے بعد واشنگٹن سمیت امریکا کے متعدد شہروں میں مظاہرے ہوئےتصویر: REUTERS/J. Roberts

دریں اثناء پولیس نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے 18 سالہ سیاہ فام باشندے نے سینٹ لوئس کے نواحی علاقے برکلے کے ایک پٹرول پمپ پر ایک پولیس افسر پر ایک ہینڈ گن تانی تھی جس نے خوفزدہ ہو کر پٹرول پمپ پر موجود پولیس اور ایک دوسرے شخص سے رجوع کیا۔ پولیس کے بقول، ’’اپنی جان کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے برکلے کے پولیس آفیسر نے مسلح شخص پر فائر کھول دیے جس کے نتیجے میں وہ شخص شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔‘‘ اس بارے میں بیان دیتے ہوئے سینٹ لوئس کی کاؤنٹی پولیس کے ترجمان برائن شیلمن نے کہا کہ جائے وقوعہ پر موجود دوسرا شخص فوراً فرار ہو گیا۔

امریکا میں سیاہ فام باشندوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور اُن کے آئے دن ہونے والے قتل کے ضمن میں بدنام زمانہ علاقہ فرگوسن برکلے سے محض چند منٹ کے فاصلے پر واقع ہے۔ فرگوسن میں اگست میں نسل پرستی کی کھُلی مثال سمجھے جانے والے ایک واقعے میں پولیس آفیسر ڈیرن ولسن نے مائیکل براؤن کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ مائیکل کی ہلاکت نے ملک بھر میں سیاہ فام باشندوں کے ساتھ پولیس کے بہیمانہ رویے کے بارے میں غم و غصے کو ہوا دی تھی اور پولیس کے رویے پر ملک گیر سطح پر سخت احتجاج سامنے آیا تھا۔

New York zwei Polizisten erschossen 20.12.2014
پولیس کے رویے کے رد عمل میں گذشتہ ہفتے نیو یارک میں ایک پولیس کی گشتی گاڑی پر حملہ ہوا جس میں ایک آفیسر ہلاک ہو گیاتصویر: Spencer Platt/Getty Images

منگل کی رات کو سینٹ لوئس میں رونما ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قریب 200 مظاہرین نے نیو یارک میں مارچ کا اہتمام کیا۔ یہ مظاہرہ نیو یارک کے میئر بل دے بلاسیو کی اس اپیل کے باوجود کیا گیا جس میں انہوں نے گزشتہ ہفتے کے روز پولیس کی ایک گشتی کار پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد مظاہرے ملتوی کرنے کو کہا تھا۔ پولیس پر یہ حملہ بظاہر ایک انتقامی کارروائی تھی۔

دریں اثناء سینٹ لوئس ڈسپیچ نے منگل کو پولیس کی گولی سے ہلاک ہونے والے 18 سالہ سیاہ فام باشندے کا نام انٹونیو مارٹن بتایا ہے تاہم پولیس نے کہا ہے کہ وہ مقتول کی شناخت کی تصدیق نہیں کر سکتی۔