1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش میں دنیا کے سب سے بڑے مہاجر کیمپ میں خاموش احتجاج

25 اگست 2020

میانمار میں سکیورٹی فورسز اور روہنگیا باغیوں کے مابین ہونے والی شدید جھڑپوں کے تین سال مکمل ہونے پر بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین نے منگل کے روز خاموش احتجاج کیا۔

https://p.dw.com/p/3hTNx
Bangladesch | Rohingya Camp: Lautsprecher des Radio Naf
تصویر: ACLAB/Radio Naf

 اس بدامنی کے نتیجے میں روہنگیا اقلیتی مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد اپنی جانیں بچا کر نقل مکانی کر کے بنگلہ دیش پہنچی تھی۔

اس وقت ایک ملین روہنگیا مہاجرین بنگلہ دیش میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور اس جنوبی ایشیائی ملک کا ایک حصہ دنیا کا سب سے بڑا مہاجر کیمپ بن کر رہ گیا ہے۔ ان نہتے روہنگیا مہاجرین کا حال ناگفتہ بہ ہے اور مستقبل تاریک۔ روہنگیا مہاجرین کے میانمار واپسی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ماضی میں برما کہلانے والے اس ملک میں روہنگیا مسلمانوں کو نہ تو مقامی شہریت حاصل ہے اور نہ ہی بنیادی انسانی اور شہری حقوق۔

خاموش احتجاج کیوں؟

روہنگیا مہاجرین نے بنگلہ دیش میں اپنی صورت حال اور ایک اقلیت کے طور پر اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور انسانی حقوق کی پامالی پر منگل 25 اگست کو 'یادگاری دن‘ منایا تو مگر خاموش احتجاج کرتے ہوئے، جس کی وجہ کورونا وائرس کی وبا بنی۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کے مہاجر کیمپ میں اب تک کووڈ انیس کے 88 کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ یہی مہلک وائرس وہاں چھ افراد کی جان بھی لے چکا ہے۔

Bangladesch Symbolbild Rohingya-Flüchtlingslager in Cox's Bazar
کوکسس بازار میں روہنگیا مہاجر کیمپ۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Swarup

تین سال قبل میانمار میں فسادات اس وقت پھوٹ پڑے تھے جب رونگیا باغیوں نے ملکی پولیس کی 30 چوکیوں پر حملے کیے تھے۔ ریاست راکھین میں ایک فوجی اڈے پر بھی حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ملکی سکیورٹی فورسز کے کم از کم 12 ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔

میانمار میں فوجی کریک ڈاؤن

میانمار کی فوج کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کی طرف سے اس بغاوت کے جواب میں انہیں ایک بڑا کریک ڈاؤن کرنا پڑا۔ ملکی سکیورٹی دستوں نے اس بغاوت کے خلاف جو مسلح کارروائیاں کیں، ان کے دوران اپنی جانیں بچا کر فرار ہونے پر مجبور سات لاکھ تیس ہزار روہنگیا باشندے پڑوسی ملک بنگلہ دیش پہنچے، جہاں پہلے ہی سے دو لاکھ روہنگیا مسلمان پناہ لیے ہوئے تھے۔ آج بروز منگل بنگلہ دیش میں ان خونریز واقعات کو یاد کرتے ہوئے ان روہنگیا پناہ گزینوں میں سے ایک نے کہا، ''ہمیں ہماری دھرتی سے زبردستی نکال کر دنیا کے سب سے بڑے مہاجر کیمپ میں دھکیل دیا گیا۔‘‘

اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار کی سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کو 'نسل کشی‘ کے ارادے سے کیا جانے والا اقدام قرار دیا ہے تاہم میانمار حکومت نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ملکی فوج نے روہنگیا باغیوں کے خلاف جو کارروائی کی وہ 'جائز‘ تھی کیونکہ باغی دیہات کو نذر آتش کرتے ہوئے کئی طرح کی پرتشدد کارروائیاں کر رہے تھے۔

Opfer des Kinderklimas in Bangladesch
میانمار سے جان بچا کر بنگلہ دیش داخل ہونے والی بچی افیفہ بی بی چند گھنٹوں پہلے پیدا ہونے والے بھائی کو گود میں لیے۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Yasin

میانمار میں 'درپردہ نسل کشی‘

ان پناہ گزینوں کا کہنا ہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمان کئی دہائیوں سے 'درپردہ نسل کشی‘ کا شکار ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر اداروں سے اپیل کی ہے کہ 2017 ء میں ہونے والے خونریز واقعات کو 'نسل کشی‘ قرار دیا جائے۔ ان مہاجرین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے، ''براہ کرم، معصوم روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔ اس کے بعد ہی شاید ہم اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔‘‘

روہنگیا مہاجرین کے لیے ایک خوشخبری یہ ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت نے پیر چوبیس اگست کو اعلان کر دیا کہ ان مہاجرین کے کیمپوں میں تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ پر لگی پابندی جلد ہٹا دی جائے گی۔ حکام نے یہ پابندی گزشتہ برس یہ کہہ کر لگائی تھی کہ انہیں خدشہ تھا کہ ان کیمپوں میں سوشل میڈیا کو خوف و ہراس پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا۔

ک م / م م (روئٹرز، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں