1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن زبان کی ترویج کا ایوارڈ، گلوکاروں کے ایک گروپ کے نام

14 اکتوبر 2018

جرمن زبان کی ترویج کا خصوصی پرائز جیکب گرِم ایوارڈ رواں برس جرمن گلوکاروں کے ایک گروپ کو دیا گیا ہے۔ اس انعام کے ساتھ تیس ہزار یورو بھی شامل ہوتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/36Vtk
Deutschland | Fantastischen Vier bekommen Jacob-Grimm Sprach-Preis
تصویر: picture-alliance/dpa/G. Gehlen

یہ پرائز سالانہ بنیاد پر جرمن زبان کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ جرمن شہر کاسل میں رَیپ گلوکاروں کے ایک گروپ کو رواں برس کے جیک گرِم پرائز سے نوازا گیا۔ سن 2018 کے لیے یہ پرائز حاصل کرنے والے میوزیکل گروپ کا نام ’دی فینٹاسٹک فور‘ ہے۔ اس کو جرمن زبان میں ’ ڈی فینٹاٹشن فیئر‘ کہا جاتا ہے۔ اس گروپ کا تعلق جرمن شہر اشٹٹ گارٹ سے ہے۔ اس کے اراکین کے نام میشی بیک، تھوماس ڈی، اینڈ اپسیلون اور سموڈو ہیں۔

انعام کی تقریب میں یہ چاروں فنکار موجود تھے اور انہوں نے اسٹیج پر آ کر یہ معتبر انعام خود وصول کیا۔ اس گروپ کے ایک رکن تھوماس ڈی نے خصوصی پرائز وصول کرنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پرانے قصہ گوئی کرنے والوں کی جانب سے نئے قصہ گو فنکاروں کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

DW popxport Die Fantastischen Vier
سن 2018 کے لیے یہ پرائز حاصل کرنے والے میوزیکل گروپ کا نام ’دی فینٹاسٹک فور‘ ہے۔تصویر: A. Gnädinger

دی فینٹاسٹک فور میوزیکل بینڈ کو یہ انعام اپنی مقامی زبان کو اختراعی انداز میں پاپولر موسیقی میں استعمال کرنے پر دیا گیا ہے۔ جیکب گرِم پرائز کی جیوری کے ایک رکن ہیلموٹ گلُؤک کا کہنا ہے کہ جرمن زبان کے فروغ کے لیے موسیقی کا یہ اختراعی استعمال یقینی طور پر بریک تھرو ہے اور یہ انداز قابلِ تعریف بھی ہے۔

جرمن زبان کے فروغ اور ترویج کے لیے جیکب گرم ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں مشہور کارٹونسٹ لوریوٹ، جرمن پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر نوربرٹ لامیرٹ اور راک میوزک لیجنڈ اُوڈو لنڈن بیرگ کے نام بھی شامل ہیں۔ اس انعام کا مقصد جرمن زبان و ادب کے اسکالرز اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہے۔

جیکب گرِم پرائز انیسویں صدی کے اسی نام کے ایک جرمن اسکالر کے نام پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے بھائی ولہلم کے ساتھ مل کر جرمن ادب میں خاص طور پر بچوں کے لیے کئی مشہور کہانیاں تخلیق کیں۔ یہ برادرز گرِم کے نام سے مشہور ہیں۔ جیکب گرِم چار جنوری سن 1785 میں جرمن شہر ہاناؤ میں پیدا ہوئے تھے۔ برادرز گرِم کی کہانیوں میں سینڈریلا اور لمبے سنہرے والوں کی شہزادی ’روپینزل‘ کی کہانیاں ساری دنیا میں شہرت رکھتی ہیں۔

’بین الاقوامی فلموں میں کام کرنے سے فنکار زیادہ سیکھتا ہے‘