1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں اتحاد ایئرویز کے خلاف دو ارب یورو ہرجانے کا مقدمہ

14 دسمبر 2018

جرمنی میں متحدہ عرب امارات کی معروف فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز پر دو ارب یورو ہرجانے کا ایک مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ جرمنی کی دوسری سب سے بڑی فضائی کمپنی ایئر برلن کے دیوالیہ پن کے سلسلے میں دائر کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3A846
Symbolbild Staatsschulden Staatsverschuldung Schulden Geldhaufen Euro
تصویر: Fotolia

جرمنی کے مالیاتی مرکز فرینکفرٹ سے جمعہ چودہ دسمبر کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق وفاقی جرمن دارالحکومت برلن کی ایک علاقائی عدالت نے تصدیق کر دی ہے کہ اتحاد ایئرویز کے خلاف دو ارب یورو تک کے زر تلافی کی ادائیگی کا ایک مقدمہ اس عدالت میں زیر سماعت ہے۔

یہ مقدمہ ایئر برلن کے دیوالیہ پن کے نگران عہدیدار کی طرف سے اس لیے دائر کیا گیا ہے کہ اتحاد ایئرویز جرمنی کی اس کالعدم فضائی کمپنی کے حصص کی مالک ایک بڑی کمپنی تھی۔

عدالت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ایئر برلن کے دیوالیہ پن سے متعلقہ امور کے مالیاتی نگران عہدیدار لوکاس فلوئتھر نے برلن کی اس عدالت سے درخواست کی ہے کہ پہلے تو کالعدم ایئر برلن کو اتحاد ایئرویز سے 500 ملین یورو دلوائے جائیں اور پھر ساتھ ہی یہ حکم بھی سنایا جائے کہ اتحاد ایئرویز کو مجموعی طور پر قریب دو ارب یورو (تقریباﹰ سوا دو ارب امریکی ڈالر) کے برابر زر تلافی ادا کرنا چاہیے۔

Deutschland Air Berlin und Etihad Airways Berlin
تصویر: picture alliance/dpa/B. Settnik

عدالتی بیان کے مطابق اتحاد ایئرویز کے خلاف یہ مقدمہ اس الزام کے تحت دائر کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی اس ایئرلائن نے مبینہ طور پر ایئر برلن کے ساتھ مالی تعاون کے اپنے اس معاہدے پر ڈیڑھ برس تک عمل نہیں کیا تھا، جو گزشتہ برس اپریل میں طے پایا تھا۔

اس دوران اماراتی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز نے گزشتہ برس اگست میں ایئر برلن کی مالی مدد سے بھی ہاتھ کھینچ لیا تھا، جس کے بعد جرمنی کی یہ دوسری سب سے بڑی فضائی کمپنی دیوالیہ ہو گئی تھی۔ اتحاد ایئرویز 2011ء سے ایئر برلن کے دیوالیہ ہو جانے تک اس کمپنی کے 29.2 فیصد حصص کی مالک تھی۔

ایئر برلن کے دیوالیہ ہو جانے سے قبل اتحاد ایئرویز نے کئی برسوں تک اس جرمن فضائی کمپنی کو متعدد مرتبہ ہنگامی بنیادوں پر وسیع تر رقوم بھی مہیا کی تھیں۔ یہ رقوم اگست 2017ء سے قبل اس عرصے میں مہیا کی گئی تھیں، جب ایئر برلن کو اپنی سب سے بڑی حریف ایئرلائن اور جرمنی کی سب سے بڑی فضائی کمپنی لفتھانسا کے ساتھ سخت مقابلے کے باعث بقا کا مسئلہ درپیش تھا۔

م م / ع ب / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں