1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس کے ساتھ حقیقی جنگ لڑ رہے ہیں، یوکرائنی صدر

کشور مصطفیٰ20 مئی 2015

یوکرائن نے شورش زدہ علیحدگی پسند مشرقی علاقے لوگانسک میں ایک فوجی جھڑپ کے دوران دو مبینہ روسی فوجیوں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FTDp
تصویر: Reuters/V. Ogirenko

آج بدھ کے روز یوکرائنی سکیورٹی سروس کے ایک ترجمان نے فیس بک پر ایک پیغام میں بتایا کہ کییف کے ملٹری ہسپتال میں کپتان Yevgeny Yerofeyev اور سارجنٹ الیکسانڈر الیکسانڈروف کی صحت اب بحال ہو رہی ہے اور ان دونوں روسی فوجیوں کو روس میں اپنے رشتہ داروں سے ٹیلی فون پر بات کرنے کی اجازت ہے۔

قبل ازیں یوکرائنی حکومت نے ان دونوں روسی فوجیوں کی ویڈیو فوٹیج نشر کی تھی اور کہا تھا کہ انہیں ملک کے مشرقی حصے میں جاری لڑائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ دریں اثناء ماسکو حکومت نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد ملکی فوج کا حصہ نہیں ہیں اور وہ روسی فوج چھوڑ چکے ہیں۔ انہیں دو ماہ قبل سرحد پار کر کے یوکرائن کے جنگی زون میں داخل ہونے کے بعد فوج سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

کییف حکومت نے منگل کے روز ان دو زخمی افراد کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان گرفتاریوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ روس یوکرائن کے مشرقی حصے میں جاری لڑائی میں براہ راست شریک ہے۔

Ukraine gefangene mutmaßliche Soldaten aus Russland
روسی سارجنٹ الیکسانڈر الیکسانڈروفتصویر: picture-alliance/dpa/R. Pilipey

روس کے ساتھ حقیقی جنگ

یوکرائنی صدر پیٹرو پوروشینکو نے آج بُدھ کو نشر ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ بحران زدہ یوکرائن اس وقت روس کے ساتھ ایک ’حقیقی جنگ‘ لڑ رہا ہے اور یہ جنگی صورتحال کسی وقت بھی شدت اختیار کر جائے گی۔ مغرب نواز یوکرائنی صدر کا کہنا تھا کہ روسی اسپیشل سروس کے دو مبینہ فوجیوں کی گرفتاری سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ یوکرائن کے صنعتی طور پر اہم مشرقی علیحدگی پسند علاقے میں بغاوت کی آڑ میں ماسکو یوکرائن کو توڑنے کی مہم چلا رہا ہے۔

صدر پوروشینکو نے کہا، ’’میں اس بارے میں بالکل واضح الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ یہ جنگ روس نواز علیحدگی پسندوں کے خلاف نہیں بلکہ یہ روس کے ساتھ حقیقی جنگ ہے۔‘‘

برطانوی نشریاتی ادارے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے 49 سالہ پوروشینکو کا مزید کہنا تھا، ’’یہ حقیقت کہ ہم نے روس کی ریگولر اسپیشل فورسز کے فوجیوں کو گرفتار کیا ہے، اس امر کا ثبوت ہے کہ ہماری جنگ روس کے ساتھ ہے۔‘‘

Ukrainische Soldaten bei einer Schießübung in der Nähe von Lugansk 29.01.2015
لوگانسک میں گھمسان کی جنگ جاری ہےتصویر: Reuters/M. Levin

پیٹرو پوروشینکو کے مطابق وہ روسی صدر پوٹن پر بالکل بھروسہ نہیں کرتے تاہم اُن کے پاس روسی لیڈر کے ساتھ پائے جانے والے بحران کے سفارتی حل کے سوا کوئی متبادل بھی موجود نہیں ہے۔ ’’اس جنگ کا خاتمہ ٹینکوں اور بندوقوں کی مدد سے ممکن نہیں ہے۔‘‘

جرمنی اور فرانس کے لیڈروں کی مدد سے اس سال فروری میں پوروشینکو نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ جنگ بندی کا جو دوسرا معاہدہ طے کیا تھا، وہ اپنی کامیابی سے بہت دور نظر آ رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق یوکرائن کا بحران اب تک کم از کم چھ ہزار دو سو پچاس انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن چکا ہے جبکہ اس بحران کے باعث ایک ملین سے زائد انسان بے گھر بھی ہو چکے ہیں۔