1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمبابوے میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پاکستان نے جیت لیا

عابد حسین
8 جولائی 2018

زمبابوے میں کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے دی ہے۔ پاکستان نے بیسویں اوور میں 184 رنز کا ٹارگٹ حاصل کیا۔

https://p.dw.com/p/312BY
Abu Dhabi ODI Cricket | Pakistan vs. Sri Lanka
تصویر: Getty Images/N. Balout

پاکستان کی اننگز کی خاص بات فخر زمان کے شاندار 91 رنز رہے۔ انہوں نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں ایک سو سات رنز بنائے۔ اسی پارٹنز شپ نے پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔ شعیب ملک نے ناٹ آؤٹ 43 رنز بنائے۔

پاکستان کی اننگز میں کپتان سرفراز احمد کے اٹھائیس رنز بھی اہم تھے۔ وہ ایسے وقت میں میدان میں اُترے جب دو پاکستانی کھلاڑی صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس صورت حال میں خیال تھا کہ میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ جب یہ دونوں کھلاڑی آؤٹ ہوئے تب پاکستان کا اسکور صرف دو رنز تھا۔

سرفراز احمد اور فخر زمان کی شراکت میں پینتالیس رنز بنے۔ سرفراز چھٹے اوور میں آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اگلے دس اوورز میں فخر زمان اور شعیب ملک نے دھواں دھار بلے بازی کی اور دس رنز فی اوور کی اوسط کے ساتھ پاکستانی ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا۔

Großbritannien Cardiff Cricket Pakistan s Sarfraz Ahmed in action during the ICC Champions Trophy Group B match at Cardiff Wales S
پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے زمبابوے میں کامیابی کو مجموعی ٹیم کی کارکردگی کا نتیجہ قرار دیاتصویر: Imago/PA Images/J. Giddens

فخر زمان نے 91 رنز بنائے جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اُن کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ اُن کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو اگلے چار اوورز میں تیس رنز درکار تھے جو بغیر کسی اور وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیے گئے۔ شعیب ملک کے علاوہ آصف علی 17 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس فائنل میچ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اے جے فِنچ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں 183 کا بڑا ٹارگٹ پاکستانی ٹیم کو دیا۔ آسٹریلوی ٹیم کے افتتاحی بیٹسمین ڈی آر سی شارٹ نے 76 اور کپتان فِنچ نے چھیالیس رنز بنائے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں پچانوے رنز بنائے گئے۔ ان کے علاوہ آسٹریلیا کے صرف دو مزید کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے چار اوورز میں تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ ان کے علاوہ شاداب خان دوسرے کامیاب ترین بالر تھے اور انہوں نے دو آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سہ فریقی سیریز میں فخر زمان کو میچ ہی کا نہیں بلکہ سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں شریک تیسرا ملک زمبابوے تھا اور اُس نے آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف اپنے میچوں میں شکست کھائی تھی۔