1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملتان: بارہ ڈاکٹروں سمیت اٹھارہ افراد کورونا وائرس سے متاثر

12 اپریل 2020

پاکستانی شہر ملتان کے سب سے بڑے ہسپتال میں ایک دن میں بارہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے چھ ارکان میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ڈاکٹروں کی ملکی تنظیموں نے اظہارِ تشویش کرتے ہوئے اعلی سطحی چھان بین کا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3aoDy
تصویر: DW/privat

ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹرمسعود ہراج نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں نشتر ہسپتال ملتان کے ایک سو سے زائد ڈاکٹروں کے لیب ٹیسٹوں کی رپورٹ آنے والی ہے اور نئے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

پروفیسر مسعود ہراج نے بتایا کہ ہسپتال کے ذمہ دار اہلکاروں، ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت کے حکام کو بار بار توجہ دلانے کے باوجود نشتر ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ضرورت کے مطابق حفاظتی کِٹس فراہم نہیں کی گئیں۔

Pakistan Multan | Coronavirus | Saeed Chaudhary, Arzt
کورونا وائرس سے متاثرہ نشتر ہسپتال کے ڈاکٹر سعید چوہدری، فائل فوٹو تصویر: privat

ادھر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین ڈاکٹر محمد خضر حیات نے کہا ہے کہ نشتر ہسپتال میں پیش آنے والے واقعات سے یہ بات پوری طرح واضح ہو گئی ہے کہ حفاظتی ماسک صرف انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں کام کرنے والے طبی عملے کی ہی ضرورت نہیں بلکہ ہسپتال کے دیگر شعبوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی حفاظت کے لیے بھی جامع اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جن بارہ ڈاکٹروں اور چھ پیرا میڈیکل کارکنوں سمیت 18 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، وہ گردوں کے ایک ایسے مریض کےعلاج معالجے کی طبی کارروائیوں کا حصہ رہے تھے، جس میں بعد ازاں کورونا وائرس کی موجودگی ثابت ہو گئی تھی۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسی ہسپتال کے برن وارڈ میں زیر علاج ایک سولہ سالہ بچے کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ڈاکٹر پاشا کا کہنا تھا کہ جس حد تک ممکن ہے، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا، ''ہم طبی عملے کی حفاظت کے لیے اپنائی گئی پالیسی کے تحت پہلے سے ہی ڈاکٹروں اور طبی عملے کی اسکریننگ کر رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ''کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹروں میں فی الحال اس مرض کی کوئی علامات نہیں ہیں۔ ہم نے ان کو طیب ایردوآن ہسپتال مظفر گڑھ منتقل کر دیا ہے۔ میں ان سے آج صبح بات  بھی کی تھی اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں۔‘‘

Pakistan Multan | Coronavirus | Nishtar-Krankenhaus
تصویر: DW/privat

ڈاکٹر پاشا نے بتایا، ''ہم ایک مشکل صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں۔ تاہم مورال کے اعتبار سے ہمارے عملے میں ملی جلی کیفیات دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ بعض لوگ ان حالات کے باوجود کورونا وائرس کے خلاف بڑے جذبے سے ڈٹے ہوئے ہیں اور بعض فطری طور پر قدرے تشویش کا شکار ہیں۔‘‘

طبی خدمات سرانجام دیتے ہوئے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے نشتر ہسپتال کے ایک نوجوان ڈاکٹرسعید احمد چوہدری نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ اس وقت کورونا سے متاثرہ دیگر ڈاکٹروں کے ساتھ طیب ایردوآن ہسپتال مظفر گڑھ میں قرنطینہ میں ہیں۔

ڈاکٹر سعید چوہدری کہتے ہیں کہ نشتر ہسپتال میں ڈاکٹروں کے لیے کیے جانے والے حفاظتی انتظامات ناکافی ہیں، ''کئی  ڈاکٹر اپنے خاندانوں کو کورونا سے بچانے کے لیے اپنے گھر نہیں جا رہے بلکہ وہ ہوسٹلز میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں، تاکہ ان کے اہل خانہ محفوظ رہیں۔ ہم سب ڈاکٹروں کو کورونا وائرس ایسے مریضوں سے لگا، جن میں ابتدائی طور پر کوئی واضح علامات موجود نہیں تھیں اور وہ کورونا وارڈز میں بھی نہیں تھے۔‘‘

ڈاکٹر سعید چوہدری کہتے ہیں کہ نشتر ہسپتال ملتان میں ڈاکٹروں کی بڑی تعداد خدمات سرانجام دیتی ہے اور فوری طور پر کم از کم تین سو ڈاکٹروں کی اسکریننگ کی ضرورت ہے وگرنہ ان ڈاکٹروں کی ہسپتال میں موجودگی مریضوں کا علاج کرنے کے بجائے الٹا ان میں اس وائرس کے پھیلنے کا باعث بن سکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر سعید چوہدری کا کہنا تھا کہ نشتر ہسپتال میں ڈاکٹروں کو فراہم کی جانے والی حفاظتی کِٹیں بھی غیر معیاری تھیں، ''ہمارے وارڈ میں ہماری انچارج ڈاکٹر نے اپنی جیب سے بلیک میں مہنگے داموں خرید کر این نائنٹی فائیو ماسک بعض ڈاکٹروں کو فراہم کیے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے مؤثر پالیسی بنا کر اس پر پوری طرح عمل درآمد کو یقینی بنائے۔‘‘

ادھر کراچی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کے بیس ارکان میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس وقت پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور صوبہ پنجاب دو ہزار چار سو پچیس مریضوں کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں