1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کی امید

7 اگست 2019

پاکستان نے کہا ہے کہ وہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی 'گرے لسٹ‘ سے نکلنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور اسے پوری امید ہے کہ وہ اکتوبر میں اس لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

https://p.dw.com/p/3NV9G
تصویر: Getty Images/AFP/I. Mukherjee

یہ بات پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اسلام آباد کے دورے پر گئے ہوئے ایک امریکی وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس وفد کی قیادت امریکی محکمہ خارجہ کی سینئر اہلکار ایلس ویلز کر رہی ہیں اور اس میں امریکی محکمہ خزانہ کے افسران بھی شامل ہیں۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پچھلے تین ماہ کے دوران پاکستان نے دہشت گری کے لیے مالی اعانت اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے تیزی سے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہُنڈی،حوالہ اور دیگر غیر قانونی ذرائع سے رقوم کی ترسیل روکنے کے لیے قواعد و ضوابط میں ترامیم کر کے انہیں سخت بنا دیا گیا ہے۔ حفیظ شیخ نے کہا کہ قومی اسمبلی میں منی لانڈرنگ سے متعلق قوانین میں سزا بڑھا کر دس سال قید اور جرمانہ پچاس لاکھ روپے کر دینے پر بھی کام ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق قومی اسمبلی میں خزانے اور محصولات سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی نے ان سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔

Ehemaliger pakistanischer Finanzminister  Abdul Hafeez Shaikh
تصویر: AFP/Getty Images/J. Watson

پاکستانی مشیر خزانہ نے کہاکہ ملکی سکیورٹی ادارے حقانی نیٹ ورک اور جماعت الدعوہ جیسی کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی شروع کر چکے ہیں۔ انہوں نے امریکی وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان کے یہ اقدامات مؤثر اور ناقابل تنسیخ ہیں۔

ایف اے ٹی ایف نے جون میں اورلینڈو، فلوریڈا میں اپنے اجلاس میں پاکستان کو متنبہ کیا تھا کہ اگر اس نے اس بین الاقوامی تنظیم کی طرف سے دیے گئے ایکشن پلان پر پوری طرح عمل نہ کیا تو اسے آئندہ اجلاس میں بلیک لسٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ اس نے ایف اے ٹی ایف کے مطالبات بڑی حد تک پورے کر دیے ہیں لیکن اس تنظیم کو بھارت اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

پاکستان کے لیے ایف اے ٹی ایف کو قائل کرنے کے لیے آئندہ چند ہفتے اہم ہیں۔ ٹاسک فورس کا اگلا اجلاس پیرس میں تیرہ سے اٹھارہ اکتوبر تک ہو گا۔

Paksitan - US-Delegierte Alice Wells trifft Qamar Javed Bajwa
تصویر: picture alliance/AP Photo/alice wells
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید