1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بن لادن کے اہل خانہ پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

26 مارچ 2012

اسامہ بن لادن کے اہل خانہ کے وکیل نے پیر کو بتایا کہ ایک پاکستانی عدالت نے بن لادن کے کنبے کے 5 ارکان کے خلاف پاکستان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور یہاں رہائش رکھنے کے الزام میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/14S9n
تصویر: picture-alliance/dpa

دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ کے کنبے کے ارکان گزشتہ سال مئی سے پاکستان میں زیر حراست ہیں، جب امریکی کمانڈوز نے شمال مغربی پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کر کے اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا تھا۔

پاکستان نے اِس واقعے پر زبردست غم و غصے کا اظہار کیا تھا کیونکہ حکومتِ پاکستان کو اِس حملے کے بارے میں کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ پاکستانی حکام کا اصرار ہے کہ اُنہیں القاعدہ کے سربراہ کے پاکستان میں رہائش پذیر ہونے کا علم نہیں تھا اور یہ کہ امریکی بھی ایسے کوئی شواہد پیش نہیں کر سکے کہ پاکستانی حکام بن لادن کی پاکستانی سرزمین پر موجودگی سے با خبر تھے۔

بن لادن کے اہل خانہ کے وکیل محمد عامر نے بتایا کہ ایک پاکستانی عدالت دو اپریل کو دوبارہ سماعت شروع ہونے پر بن لادن کی تین بیواؤں اور دو بیٹیوں کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ محمد عامر کے مطابق عدالت نے پیر چھبیس مارچ کو مقدمے اور شواہد کی نقول اِن پانچوں خواتین کے حوالے کر دیں۔

ایبٹ آباد میں بن لادن کی رہائش گاہ، جو اب مسمار کی جا چکی ہے
ایبٹ آباد میں بن لادن کی رہائش گاہ، جو اب مسمار کی جا چکی ہےتصویر: Reuters

پاکستانی ماہرین قانون کے مطابق ان خواتین کو زیادہ سے زیادہ پانچ سال کی سزائے قید ہو سکتی ہے۔ القاعدہ کا سربراہ اپنی ان بیویوں، آٹھ بچوں اور تین ملازمین کے ساتھ ایبٹ آباد کے کمپاؤنڈ میں رہائش پذیر تھا۔

پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملک کہہ چکے ہیں کہ بن لادن کے بچے اس مقدمے کا حصہ نہیں ہیں اور وہ چاہیں تو پاکستان چھوڑ کر جا بھی سکتے ہیں یا پھر مقدمے کی سماعت کے دوران اپنی ماؤں کے ساتھ بھی رہ سکتے ہیں۔

اب تک منظر عام پر آنے والی معلومات کے مطابق بن لادن کی ایک بیوی کا تعلق یمن سے ہے اور دوسری کا سعودی عرب سے۔ تیسری کی شہریت کے بارے میں ابھی کچھ واضح نہیں ہو سکا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ان میں سے ایک کے رشتے دار نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور حکام پر زور دیا تھا کہ وہ بن لادن کے اہل خانہ کو ملک سے جانے کی اجازت دے دیں تاہم اُس کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔

رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید