1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش میں بارشیں اور سیلاب، کم از کم پچاس افراد ہلاک

27 جون 2012

بنگلہ دیش میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث کم از کم پچاس افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور ڈیڑھ لاکھ کے قریب سیلاب کے پانی میں پھنس گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/15Lxz
تصویر: REUTERS

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ بنگلہ دیش میں شدید بارشیں اور سیلاب ایک معمول ہے۔ ہر سال اس سے لاکھوں افراد متاثر ہوتے ہیں۔

بنگلہ دیش کے علاوہ جنوبی ایشیا کے بہت سے ممالک میں جون اور جولائی کے مہینے میں مون سون کی بارشیں کثرت سے ہوتی ہیں۔ ان بارشوں کی وجہ سے کئی ممالک میں سیلاب آتے ہیں جن سے لاکھوں افراد تقریباً ہر برس متاثر ہوتے ہیں۔ بنگلہ دیش میں اس موسم کا آغاز چند ہفتوں قبل ہوا تھا۔ بنگلہ دیش کے ایک حکومتی افسر کا کہنا ہے کہ اس بار کی بارشیں گزشتہ کئی برسوں میں شدید ترین ہیں۔

Bangladesch Überschwemmungen
پندرہ سے زائد افراد جنوب مشرقی شہر چٹاگونگ میں ہلاک ہوئے جب کہ بقیہ افراد پہاڑی علاقوں میں ہلاک ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa

بنگلہ دیش سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے پندرہ سے زائد افراد جنوب مشرقی شہر چٹاگونگ میں ہلاک ہوئے جب کہ بقیہ افراد پہاڑی علاقوں میں ہلاک ہوئے۔

اس بابت ایک سرکاری افسر کا کہنا ہے: ’’مزید بہت سے افراد کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں یا پھر ملبے تلے دبے ہیں۔‘‘

بنگلہ دیش میں پانچ دن سے جاری بارش سے پیدا ہونے والے سیلاب کی وجہ سے چٹاگونگ کے بیشتر علاقے زیر آب ہیں اور اس شہر کا رابطہ پہاڑی علاقوں سے کٹ گیا ہے۔

بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ سینکڑوں مکانات بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے بہہ گئے ہیں۔ منگل کے روز اس صورت حال کے باعث چٹاگونگ کا رابطہ پورے ملک سے کٹ گیا تھا اور چٹاگونگ کا ایئر پورٹ رن وے کے بعض حصے زیر آب آنے کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں اب تک تین سو خاندانوں کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہیں۔

بنگلہ دیش کے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دن مزید بارشیں ہوں گی اور سیلاب کے پھیلنے کا خطرہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے بعض شمالی علاقے بھی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

(shs / at (Reuters

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید