1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیو یارک، مقتول پولیس اہلکار کی آخری رسومات میں ہزاروں افراد کی شرکت

عاطف بلوچ28 دسمبر 2014

امریکی شہر نیو یارک میں مقتول پولیس اہلکار رافائل راموس کی آخری رسومات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر امریکی نائب صدر کے علاوہ نیو یارک کے گورنر، میئر اور دیگر کئی اہم سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔

https://p.dw.com/p/1EAjj
تصویر: Kevin Hagen/Getty Images

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا ہے کہ ہفتے کے دن کوئنز کے علاقے میں منعقد ہوئی ایک خصوصی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر تمام قوم افسردہ ہے۔ اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں پولیس اہلکار بھی وہاں موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ کرائسٹ ٹیبرنیکل چرچ کے اندر اور باہر موجود ہزاروں افراد نے راموس کو انتہائی احترام اور افسردگی کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا۔

یاد رہے کہ چالیس سالہ راموس اور ان کا ایک ساتھی پولیس اہلکار وین جیان لیو بیس دسمبر کو بروکلین میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ بعد ازاں حملہ آور نے خود کشی کر لی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ قاتل ایک سیاہ فام تھا، جس نے دانستہ طور پر پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا تھا۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت پر رونما ہوا تھا، جب سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں دو سیاہ فام شہریوں کی مبینہ ہلاکت پر امریکا بھر میں ایک احتجاجی رویہ دیکھا جا رہا تھا۔

USA Beerdigung Rafael Ramos Biden 27.12.2014
اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں پولیس اہلکار بھی وہاں موجود تھےتصویر: Reters/Mike Segar

جو بائیڈن نے راموس کی تدفین کے موقع پر نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی تعریف کرتے ہوئے اسے دنیا کا ایک بہترین ادارہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا، ’’ قاتل نے اس محکمے کے دو پولیس اہلکاروں کو ہی نشانہ نہیں بنایا، بلکہ اس نے اس شہر کو نشانہ بنایا ہے۔ اس واقعے پر تمام شہر غمزدہ ہے۔‘‘ اس موقع پر نیو یارک کے گورنر نے بھی ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہونے والے اس پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تاہم اس دوران نیو یارک کے میئر بِل ڈی بلیسیو کی موجودگی پر پولیس اہلکاروں نے ناخوشگواری کا تاثر دیا۔ واضح رہے کہ ڈی بلیسیو سیاہ فام شہریوں کی ہلاکت کے بعد عوامی مظاہروں کی حمایت میں تھے۔ پولیس یونین کا کہنا ہے کہ ایرک گارنر اور مائیکل براؤن کی ہلاکتوں کے بعد ڈی بیلسیو کی حکمت عملی پولیس اور مظاہرین کے مابین عدم اعتماد کی فضا میں اضافے کا باعث بنی ہے۔

اس تقریب میں شریک ہونے والے افراد نے راموس کی زندگی کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا اور کہا کہ وہ ایک مذہبی شخص تھا، جو نہ صرف بائبل کا مطالعہ کیا کرتا تھا بلکہ پاسٹر بننے کے لیے تعلیم بھی حاصل کر رہا تھا۔ دو بچوں کے والد راموس کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جب ان کے گھر والے پہنچے تو بالخصوص راموس کے ساتھی پولیس اہلکاروں نے ان سے ہاتھ ملائے اور غم کا اظہار کیا۔

راموس کے ساتھ ہلاک ہونے والے ان کے ساتھی پولیس اہلکار وین جیان لیو کی آخری رسومات کے بارے میں ابھی تک کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ جب ان کے لواحقین چین سے امریکا پہنچ جائیں گے تو ان کی تدفین کے بارے میں کوئی تاریخ طے کی جائے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید